انقرہ:پاکستانی سفارتحانے میں پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پاکستان کا 75واں یوم آزادی انقرہ میں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ترکیہ میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے ترک معززین، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کی موجودگی میں قومی ترانے کی دھن پر پرچم  کشائی کی ۔

اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی قیادت نے اپنے پیغامات میں اسلاف کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ویژن کے مطابق بدلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ پاکستانی قیادت نے بھارت کے غیر قانونی طور پر قابض  علاقے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہیں گزشتہ تین سالوں سے فوجی محاصرے کا سامنا ہے اور ان کے جائز حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر سائرس قاضی نے آزادی کی 75ویں سالگرہ پر قوم بالخصوص ترکیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی۔ سفیر نے کہا کہ چودہ اگست ہمیں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے اپنے آباؤ اجداد کی بے لوث جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں وہ اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزار سکتے تھے۔ یہ دن ہمارے قائد کے تصور کردہ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط  جیسے اقدار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنے اور قیام پاکستان کے مقاصد کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

ترک گلوکار احمت تزلو نے پاکستانی سفارت خانے کی تقریب میں "تیرا پاکستان ہے یہ میرا پاکستان ہے” گا کر تمام شرکا کے دل جیت لئے ۔ پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی اور تمام شرکا ان ساتھ مل کر پاکستانی نغمہ گاتے رہے ۔

سفیر نے مبارکباد کے پیغامات بھیجنے اور پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کرنے پر ترک قیادت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر، انقرہ کا تاریخی نشان، ’اتاکول‘، جو ترکیہ کا  بلند ترین ٹاور اور روشن ترین  عمارت ہے، پاکستان ترکیہ بھائی چارے اور یکجہتی کے پیغامات  سے روشن کیا  گیا ۔ اتاکلے جناح ایونیو پر قائداعظم محمد علی جناح کی یادگار کے بالکل سامنے واقع ہے۔ علاوز ازیں  استنبول میں باسفورس پل کو بھی  پاکستان کے پرچم کے رنگوں میں روشن کیا جائے گا۔

 

 

Read Previous

پاکستان :75ویں یوم آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک نے یادگاری نوٹ جاری کر دیا

Read Next

پاکستانی فلم "دی لیجنڈ آف مولا جٹ "سینما گھروں کی زینت بننے کے لیے تیار

Leave a Reply