
یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے پاکستانی محقق و مصنف فاروق عادل کی نئی کتاب کی تقریبِ رونمائی کا اہتمام کیا۔
پاکستان کے وزیر مواصلات جناب مرتضیٰ سلینگی اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، مرتضٰی سولنگی کا کہنا تھاکہ پاکستان میں عام انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے اور حالات ہم سے تقاضا کرتے ہیں کہ سارے سیاسی و نظریاتی اختلافات کے باوجود تہذیب و ادب کے دائرے میں رہ کر ملکی مسائل کے حل کے لئے مل بیٹھ کر راستہ نکالا جائے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر نے ملکی مسائل پر مل بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ریاستی نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی بنیادی مسائل کو اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو قومیں تاریخ سے نہیں سیکھتیں وہ نقصان اٹھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ذمہ دارانہ صحافت کا تعین انتہائی ضروری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ترک کلچرل سنٹر یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے کتاب کی رونمائی کی تقریب کا انعقاد کرکے ایک ایسا حسین اور خوشگوار لمحہ فراہم کیا ہے جہاں مختلف النوع افراد ایک جگہ بیٹھ کر تاریخ کے بارے میں گفتگو کررہے ہیں جس پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اسی طرح کے کلچر کی ضرورت ہے اور یہی کلچر ہمیں آگے لے جاسکتا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے یونیورسٹی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس جامعہ نے 1976ء میں تعلیمی خدمات کا آغاز کیا تھا،اس جامعہ سے آج تک 46لاکھ طلبہ گریجویٹ ہوچکے ہیں جو ملک بھر کے تمام محکموں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وائس چانسلر نے کہا کہ ملک بھر میں اس جامعہ کے 53ریجنل آفسز ہیں اور طلبا کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہے۔ڈاکٹر ناصر محمود کا کہنا تھا کہ اگلے سال اس جامعہ کی 50ویں سالگرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی کو بھرپور انداز میں منانے جارہے ہیں، پورا سال سیمینارز/کانفرنسز اور اس طرح کی تعلیمی محافل سجائی جائیں گی۔
یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر خلیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ، خوشگوار اور گہرے تعلقات قائم ہیں اور ان تعلقات کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے لئے تین یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹس قائم کیے ہیں جن میں سے ایک علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں قائم کیا گیا ہے۔
انہوں کہا کہ ترکیہ اور پاکستان یک جان دو قالب ہیں۔
دونوں ممالک نے ماضی میں ایک دوسرے کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے۔
کتاب پر تاثرات پیش کرنے والے دیگر مقررین میں فتح محمد ملک، عبدالجبار مرزا، خورشید ندیم، محمد حمید شاہد شامل تھے۔
تقریب کی صدارت معروف قلم کار اور صحافی عرفان صدیقی نے کی۔