
استنبول میں پاکستانی کمیونٹی کے لیے عید ملن کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
استنبول میں پاکستانی طلبہ کی تنظیم "پاکس ترک” اور "پاکستان ترکیہ بزنس کونسل” کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے لیے عید ملن کی ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی۔ اس میں استنبول کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ یہاں مقیم پاکستانی ملازمت پیشہ اور کاروباری افراد نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب سے پاکستان ترکیہ بزنس کونسل کے صدر ڈاکٹر میاں وقار بادشاہ ، پاکستانی کمیونٹی کے رہنما ڈاکٹر ندیم چودھری ، پاکسترک کے صدر میر عبداللہ زبیر، الخدمت فاونڈیشن ترکیہ کے جنرل سیکرٹری انس اعوان سمیت دیگر شخصیات نے اظہار خیال کیا ۔ مقررین نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی گئی، اور دونوں ممالک کے عوامی و ثقافتی روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا ۔ مقررین نے کہا کہ ترکیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر سکتی ہے۔

اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کی ثقافت اور روایات کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں، جن میں پاکستانی کھانوں کا میلہ اور دیگر تفریحی پروگرام شامل تھے۔ شرکا کی پاکستان کے روایتی ناشتے حلوہ پوری ، نان چنے اور سبزیوں کے ساتھ تواضع کی گئی ۔ شرکاء نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور خوشیوں میں شریک ہو کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔

یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی کے درمیان بھائی چارے، اتحاد، اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک خوبصورت موقع ثابت ہوئی جہاں ہر کسی نے عید کی خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منایا۔