ماسکو میں پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، معیشت، توانائی، سائنس اور تکنیکی تعاون سے متعلق بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اجلاس کے دوران پاکستان اور روس نے 2030 تک اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے، جبکہ دوطرفہ تجارت کا سالانہ حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف بھی رکھا گیا۔

روسی خبر رساں ادارے تاس کے مطابق ماسکو میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے شرکت کی۔ دونوں وزرائے توانائی نے اجلاس کے اختتام پر 2030 تک دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے پروگرام پر دستخط کیے۔ اس موقع پر بین الحکومتی کمیشن کے 11ویں اجلاس کا پروٹوکول بھی طے پایا، جس میں تجارت اور اقتصادی تعاون سے متعلق امور شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت کا سالانہ حجم بڑھا کر 5 ارب ڈالر تک لے جانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور اس مقصد کے لیے اقتصادی تعاون کو نئی جہتیں دینے کی ضرورت ہے۔
روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارت گزشتہ 2 سال کے دوران کمی کے بعد دوبارہ بحالی کی جانب گامزن ہے۔ رواں سال 2026 کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان اور روس کی باہمی تجارت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس کا حجم 30 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق اجلاس میں توانائی کے شعبے میں تیل و گیس کی تلاش، مائع قدرتی گیس کی فراہمی اور گیس کی تقسیم کے معاملات زیرِ بحث آئے۔ پاکستان روسی کمپنیوں کے ساتھ اپنے ساحلی اور سمندری علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش کے سرمایہ کاری مواقع بھی شیئر کرے گا۔
صنعتی شعبے میں دھات سازی، بھاری گاڑیوں، زرعی مشینری اور معدنیات کی تلاش میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ صحت اور ادویہ سازی کے شعبے میں انسولین کی مقامی پیداوار، طبی آزمائشوں اور ادویات کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تجارت بڑھانے کے علاوہ مویشیوں کی افزائش، حیوانی ویکسین، ماہی گیری اور آبی زراعت میں تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے میں روس کے لیے آزمائشی مال بردار ٹرین جلد شروع کرنے پر کام کرنے اور ریلوے کے بنیادی ڈھانچے، پاکستانی ریلوے افسران کی تربیت اور سڑکوں کے نظام کو جدید بنانے میں تعاون پر بھی اتفاق ہوا۔
تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائنسی تعاون کے حوالے سے بھی پیش رفت ہوئی۔ دونوں ممالک نے اعلیٰ تعلیم، سائنسی و تکنیکی تعاون اور تعلیمی اسناد کی باہمی منظوری سے متعلق 3 بین الحکومتی معاہدوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے سرکاری وظائف کا کوٹہ بھی بڑھا دیا ہے۔

اجلاس میں قدرتی آفات سے نمٹنے، ثقافت، سیاحت اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
تاس کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور یوریشین اکنامک یونین (ای اے ای یو) کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی وزیر توانائی سرگئی تسیویلیف نے کہا کہ یوریشین اکنامک یونین اور پاکستان کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ دونوں فریقوں کے تجارتی تعلقات کو نمایاں فروغ دے سکتا ہے۔
ان کے مطابق اس سلسلے میں قائم مشترکہ تحقیقی گروپ نے ایسے معاہدے کے قابلِ عمل ہونے کے امکانات کا مثبت جائزہ لیا ہے اور توقع ہے کہ اس حوالے سے مذاکرات کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
یوریشین اکنامک یونین میں روس کے علاوہ بیلاروس، قازقستان، کرغزستان اور آرمینیا شامل ہیں۔ پاکستان اور اس اقتصادی اتحاد کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ طے پانے کی صورت میں پاکستانی مصنوعات کو ان ممالک کی منڈیوں تک رسائی کے نئے مواقع مل سکتے ہیں۔
ماسکو میں ہونے والا یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب پاکستان اپنی برآمدات اور تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے مختلف علاقائی اور عالمی منڈیوں کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
دونوں ممالک کے نمائندوں نے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے طے شدہ اقدامات پر مؤثر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کا 12واں اجلاس 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔
