Turkiya-Logo-top

پاکستان کی معدنی وسائل میں عالمی سرمایہ کاری کی تیاریاں، بیرک گولڈ، ایوانہو مائنز سمیت عالمی کمپنیوں کی شرکت متوقع

پاکستان کے معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے زیر اہتمام مختلف ممالک کے سفیروں اور سفارتی نمائندوں کو خصوصی بریفنگ دی گئی، جس میں فورم کے مقاصد، سرمایہ کاری کے امکانات اور عالمی کمپنیوں کی شرکت سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔

بریفنگ کا افتتاح ایڈیشنل سیکریٹری برائے ایس آئی ایف سی و اقتصادی سفارت کاری سفیر ابرار ہاشمی نے کیا۔ پیٹرولیم ڈویژن کے اسپیشل سیکریٹری مرزا ناصر الدین مسعود احمد، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لک اور ان کی ٹیم نے شرکا کو فورم کے مختلف پہلوؤں پر آگاہ کیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ہوگا۔ حکومت پاکستان کے زیر اہتمام اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی سرپرستی میں منعقد ہونے والے اس فورم میں او جی ڈی سی بانی شراکت دار ہے، جبکہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز، گورنمنٹ ہولڈنگز، ریکوڈک مائننگ کمپنی، پاکستان منرلز پرائیویٹ لمیٹڈ اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اس کے اسٹریٹجک شراکت داروں میں شامل ہیں۔

فورم میں عالمی کان کنی کی صنعت کی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی، جن میں بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان ایل تھارنٹن، ایوانہو مائنز کے بانی رابرٹ فریڈلینڈ اور چالک گروپ کے چیف ایگزیکٹو مصطفیٰ آق سوئے شامل ہیں۔ ایشیائی ترقیاتی بینک، عالمی بینک گروپ، ووڈ میکینزی اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ معدنی وسائل کی تلاش، پراسیسنگ، پائیدار کان کنی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی توجہ دی جائے گی۔ فورم کے گزشتہ ایڈیشن میں 50 سے زائد ممالک کے تقریباً 5 ہزار مندوبین نے شرکت کی تھی، جبکہ 16 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر پیش رفت ہوئی تھی۔ رواں فورم کا مقصد اس بین الاقوامی دلچسپی کو عملی سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور طویل المدتی شراکت داریوں میں تبدیل کرنا ہے۔

Read Previous

پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کا روس کے ورونیژ ریجن کا پہلا دورہ، پاکستان اور روس کے درمیان تجارت اور تعلیم میں تعاون بڑھانے پر بات چیت

Read Next

مکہ دفاعی معاہدے میں ایران سمیت نئے ممالک کی شمولیت کی گنجائش موجود ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

Leave a Reply