turky-urdu-logo

پاکستان اور ترکیہ کی جانب سے پاک ترک کلچرل سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ

پاکستانی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی ترکیہ کے نائب وزیر برائے ثقافت و سیاحت احمد مصباح اور فلم انڈسٹری کے وفد کے ساتھ استنبول میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کرنے اور پاک ترک کلچرل سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پاکستانی وزیر اطلاعات نے پاکستان کی ترقی میں ترکیہ کے ناقابل فراموش کردار پر ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ اس منصوبے کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ترکیہ میں ہونے والے فلم فیسٹول میں بھی شرکت کرے گا، جس میں وہ اپنی تین فلموں کی نمائش کر سکے گا ۔ دونوں ممالک نے پاکستان میں جدید ترین فلم پروسیسنگ لیب کے قیام میں تعاون پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے نصاب میں فلم سازی اور اداکاری کے مضامین شامل کرنے کے لیے تعاون کرنے پر اتفاق بھی کیا اور کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دونوں اپنے ثقافتی تنوع اور قدرتی حسن کو بین الاقوامی سطح پر اسکرین ٹورازم کے ذریعے پیش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک کی پہلی فلم اور ثقافت کی پالیسی بنائی۔ جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال اور فلم کا معیار اور مواد پالیسی کا حصہ ہے۔ رواں سال کے بجٹ میں فلم انڈسٹری، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں پر ٹیکس ختم کر دیا ہے۔ غیر ملکی فلم سازوں کو مقامی سطح پر مشترکہ فلم اور ڈرامہ پروجیکٹس میں بھی رعایت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان میں سیاحت اور ثقافت سمیت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ نئے سینما گھروں کے قیام، ان کی بحالی اور فنکاروں کو مراعات دینے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے ترکیہ کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا۔ انہوں نے سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آثار قدیمہ کے متعدد مقامات ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آثار قدیمہ کے مقامات سیاحت کی ترقی کے لیے بہترین اثاثہ ہیں۔ شمالی علاقوں کے دلکش مقامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ترک فلم ساز ان خوبصورت سیاحتی علاقوں میں فلمیں بنا سکتے ہیں۔ جس پر ترک وزیر نے کہا ترکیہ سیاحت کے شعبے میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ جبکہ ترک فلم انڈسٹری کے وفد نے کہا کہ ہالینڈ، ترکی اور فرانس کی بہترین کمپنیاں جو ترکی میں مقیم ہیں وہ فلم پروسیسنگ لیب میں تکنیکی معاونت فراہم کر سکتی ہیں۔

Read Previous

صدر ایردوان کا وزرائے اطلاعات کی اسلامی کانفرنس میں خطاب

Read Next

سویڈن کے وزیر اعظم کا صدر ایردوان کو خط، ملاقات کی خواہش ظاہر کی

Leave a Reply