ترکیہ میں پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، جہاں تقریبات پاک ترک تعلقات کی گہرائی، ثقافتی قربت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط رشتوں کا اظہار بن گئیں۔
یومِ آزادی کی تقریبات کا آغاز 13 اگست کی شام انقرہ میں پاکستان ہاؤس میں منعقدہ استقبالیے سے ہوا، جس میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں ترک وزیر دفاع یاشار گولر، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوک بائراکتار اوغلو، ترک بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند تاتلی اوغلو، بری افواج کے کمانڈر جنرل متین توکل اور فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا جمال قادی اوغلو سمیت اعلیٰ ترک حکام اور سفارتی شخصیات شریک ہوئیں۔
پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے اپنے خطاب میں قائداعظم محمد علی جناح اور تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور کارکنوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ترک نائب صدر جودت یلماز نے صدر رجب طیب ایردوان اور ترک عوام کی جانب سے پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو روایتی سفارت کاری سے کہیں بڑھ کر ایک غیر معمولی برادرانہ رشتہ قرار دیا۔

استقبالیے میں پاکستانی طلبہ نے ملی نغمے اور روایتی رقص پیش کیے، جبکہ پاکستان کی تاریخ، ثقافت، سیاحت اور ترقی پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح کے 150ویں یومِ پیدائش کے حوالے سے خصوصی تصویری نمائش کا بھی افتتاح کیا گیا۔
14 اگست کو انقرہ میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یومِ آزادی کی تقریبات سفارت خانے تک محدود نہیں رہیں بلکہ ترکیہ کے مختلف مقامات بھی پاکستان کے قومی رنگوں میں رنگ گئے۔

استنبول میں ایشیا اور یورپ کو ملانے والے باسفورس کے تاریخی پلوں کو پاکستان کے قومی پرچم کے سبز اور سفید رنگوں سے روشن کیا گیا، جبکہ انقرہ کے معروف اتاکولے ٹاور پر بھی پاکستان کے لیے “Happy Independence Day to Pakistan” کا پیغام جگمگاتا رہا۔
انقرہ کے سفارتی ایوانوں سے استنبول کے روشن پلوں تک پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریبات پاک ترک دوستی، ثقافتی قربت اور دونوں برادر ممالک کے مضبوط عوامی روابط کی نمایاں تصویر بن کر سامنے آئیں۔
