Turkiya-Logo-top

بیجنگ میں پاک چین قیادت کی بڑی بیٹھک، چین نے پاکستان کو خصوصی شراکت دار قرار دے دیا

بیجنگ میں ہونے والی اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ پاکستان اور چین صرف سفارتی اتحادی نہیں بلکہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف، صدر شی جن پنگ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی موجودگی میں ہونے والے اہم مذاکرات میں خطے کی صورتحال، دفاعی تعاون، سی پیک اور مستقبل کی مشترکہ حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران پرتپاک استقبال اور مسلسل تعاون پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے “ون چائنا پالیسی” پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شرکت کو خاص اہمیت دی گئی، جبکہ دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق علاقائی سلامتی، مشترکہ دفاعی مفادات اور خطے میں بدلتی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطوں اور عالمی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا، جبکہ اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کے دوسرے مرحلے، صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کی حمایت پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

اس موقع پر پاکستانی خلا بازوں کا چینی اسپیس پروگرام میں انتخاب بھی زیرِ گفتگو آیا، جسے دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور تکنیکی تعاون کی نئی مثال قرار دیا گیا۔

صدر شی جن پنگ نے پاک چین دوستی کو “ناقابلِ شکست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ ترجیح دیتا رہے گا اور ہر شعبے میں تعاون مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

ملاقاتوں کے اختتام پر دونوں ممالک کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک چین تعلقات کو نئے دور کے تقاضوں کے مطابق مزید وسعت دی جائے گی اور دوطرفہ شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔

Read Previous

وزیر اعظم شہباز شریف کی چین میں اہم ملاقاتیں، صدر شی جن پنگ کا امریکہ_ایران جنگ میں پاکستان کے سفارتی کردار کا اعتراف

Leave a Reply