راولپنڈی: پاکستان ایئر فورس نے ملک بھر کے تمام پی اے ایف بیسز پر 7 ستمبر کو یومِ شہدا کے طور پر منایا، جس کا مقصد وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
یومِ شہدا کے موقع پر دن کا آغاز 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہدا، معرکۂ حق کے بہادر شہدا اور قیامِ پاکستان سے اب تک فرض کی ادائیگی کے دوران جان قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے لیے خصوصی دعا اور قرآن خوانی سے ہوا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
اسلام آباد میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں یومِ شہدا کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے شہدا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیاں پاک فضائیہ کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور مادرِ وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کی قابلِ فخر میراث کی بنیاد ہیں۔
ایئر چیف نے کہا کہ ہمارے بزرگوں اور شہدا کی بہادری محض تاریخ کے ابواب نہیں بلکہ ایک زندہ میراث ہے، جو موجودہ نسل پر وطن کے دفاع اور قومی ذمہ داریوں کو پوری ثابت قدمی سے نبھانے کی ذمہ داری عائد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا بہادری، قربانی اور قومی عزم کی لازوال علامت ہیں، جبکہ ان کی میراث ہمیں یاد دلاتی ہے کہ مادرِ وطن کا دفاع ایک مقدس امانت ہے، جسے ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ نبھانا ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
بعد ازاں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فضائیہ کے بہادر شہدا کی یاد میں فاتحہ خوانی کی۔
یومِ شہدا کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ وطن کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ذمہ داریاں پوری کی جاتی رہیں گی۔
