پاکستان اور چین کے مشترکہ تعاون سے تیار ہونے والے JF 17 تھنڈر بلاک ٹو ڈبل سیٹر جنگی طیارے کو پاک فضائیہ کے ہوائی بیڑے میں باقاعدہ شامل کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب دارالحکومت اسلام آباد کے قریب کامرہ کے پاکستان ایئرناٹیکل کمپلکس میں منعقد ہوئی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ مہمان خصوصی تھے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پاکستان ایئرو ناٹیکل کیمپلیکس اور چائنا نیشنل ایئر ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کی مدد سے نئے جنگی طیارے کی تیاری میں مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ نئے جنگی طیارے کی پاک فضائیہ کے جنگی ہوائی بیڑے میں شمولیت ایک سنگ میل ہے اور پاکستان کی فضائی فوج اب دفاعی معاملے میں خودکفیل ہو گئی ہے۔
پاک فضائیہ کو 14 نئے JF 17 تھنڈر بلاک ٹو طیارے دے دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے جنگی طیاروں کی شمولیت سے پاک فضائیہ کے تربیتی پروگرام کو وسیع کیا جائے گا۔ یہ طیارے مقامی طور پر تیار کئے جا رہے ہیں اس لئے اس کی مرمت و دیکھ بھال کے لئے کسی دوسرے ملک پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے پاکستان ایئرو ناٹیکل کمپلیکس میں JF 17 تھنڈر بلاک تھری کی تیاری کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ جلد ہی پاکستان چین کے تعاون سے JF 17 تھنڈر بلاک تھری کے نئے اور جدید جنگی طیاروں کی تیاری شروع کر دے گا۔
نئے جنگی طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے روایتی دشمن بھارت کی فضائیہ سےدفاعی توازن میں بہتری آئے گی۔ واضح رہے کہ اس وقت بھارتی فضائیہ کے پاس 2 ہزار جنگی طیارے ہیں جبکہ پاک فضائیہ کے پاس 900 جنگی طیارے ہیں۔
بھارت نے حال ہی میں فرانس 36 رافیل طیارے 9 ارب ڈالر میں خریدے ہیں۔ پاک فضائیہ کو ملنے والے نئے جنگی طیارے JF 17 تھنڈر معیار میں فرانسیسی رافیل سے بہتر ہیں۔