fbpx
ozIstanbul

آسکر نامزد یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار نے فلموں میں مسلمانوں کے کردار کو منفی دکھانے کے خلاف مہم کا آ غاز کر دیا

آسکر نامزد یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رز احمد نے مختلف سماجی تنظیموں کے اشتراک سے ہولی وڈ فلموں میں مسلمانوں کے منفی کرداروں میں دکھانے کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔

رز احمد نے مختلف سماجی تنظیموں کے اشتراک سے دنیا بھر کے فلم سازوں اور اداکاروں کو فیلوشپ دے کر انہیں فلموں میں مسلمانوں کو مثبت کرداروں میں دکھانے کے حوالے سے مہم کا آغاز کردیا۔

رز احمد نے مذکورہ مہم کا آغاز حال ہی میں ہونے والے ایک سروے کے بعد کیا، جس سے معلوم ہوا کہ ہولی وڈ کی میگا بجٹ فلموں میں مسلمانوں کو پرتشدد اور دہشت گرد کردارو میں دکھایا جاتا ہے۔

سماجی تنظیم ’انن برگ‘ کی جانب سے کرائے گئے سروے کے مطابق 2017 سے 2019 تک ریلیز ہونے والی 10 فیصد سے بھی کم میگا بجٹ امریکی، برطانوی، آسٹریلوی و نیوزی لینڈ فلموں میں ایک مسلمان کردار کو دکھایا گیا۔

ساتھ ہی سروے سے معلوم ہوا کہ جہاں فلموں میں مسلمان کرداروں کو کم شامل کیا جاتا ہے، وہیں اگر انہیں فلموں کا حصہ بنایا بھی جاتا ہے تو ان کے کردار قاتل، پرتشدد اور دہشت گرد کے طور پر دکھائے جاتے ہیں۔

فلموں میں مسلمان کرداروں کو منفی انداز میں دکھائے جانے کے سروے کے بعد ہی مذکورہ تنظیم انن برگ اور اداکار رز احمد نے دیگر تنظیموں کے ساتھ نئی مہم کا آغاز کیا۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ نے بتایا کہ مذکورہ مہم کے تحت سماجی تنظیم ’انن برگ، فورڈ فاؤنڈیشن اور پلرز فنڈ‘ کے تحت نیا منصوبہ شروع کیا جائے گا، جس کے تحت دنیا بھر سے فلم سازوں اور اداکاروں کو فیلو شپ دی جائے گی۔

مذکورہ فیلو شپ پروگرام کے تحت فلم سازوں اور اداکاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے سمیت انہیں تربیت دی جائے گی کس طرح فلموں میں مسلمانوں کے مثبت کردار دکھائے جا سکتے ہیں۔

مذکورہ منصوبے میں رز احمد کے علاوہ دیگر مسلمان اداکار بھی شامل ہیں، جن میں مہر شالا علی، ریمی یوسف، لینا خان، ثنا امانت، کریم عامر، روزا عطاب، ندا منظور، جہان نوجیم اور حسن منہاج بھی شامل ہیں اور مذکورہ تمام اداکار فیلوشپ حاصل کرنے والوں کو تربیت فراہم کریں گے۔

پچھلا پڑھیں

پاکستان: آذربائیجان کے سفارت خانے میں قومی دن کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

اگلا پڑھیں

ترک صدر فرانسیسی صدر سے پیر کو برسلز میں ملاقات کریں گے

تبصرہ شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے