جمہوریہ ترکیہ کی 101 ویں سالگرہ کے موقع پر، ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اپنی قوم کو "ترکیہ کی صدی” کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ "صرف چند مشکلات اور رکاوٹیں باقی ہیں ، روشن مستقبل ترکیہ کی راہ تک رہا ہے۔” انہوں نے اِس موقع پر ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکلات قوم کی مدد سے حل کی جا سکتی ہیں۔
صدر ایردوان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اُن تمام ممالک اور رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا، جِنہوں نے جمہوریہ ترکیہ کی 101 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ صدرایردوان کا کہنا تھا کہ ، "آج ہم فخر اور مسرت کے ساتھ جمہوریت کی نئی صدی کی پہلی سالگرہ منا رہے ہیں۔”
انہوں نے ترکیہ کے بانی غازی مصطفیٰ کمال اتاترک اور دیگر بانی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریہ ترکیہ ایک قدیم ریاستی ورثے کی جدید اور تابندہ کڑی ہے۔ صدر نے ان تمام شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو ترکیہ کی آزادی اور استحکام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں ۔
جمہوریہ ترکیہ کی 101ویں سالگرہ کے موقع پر صدر ایردوان نے گزشتہ دِنوں ترکیہ ایرواسپیس انڈسٹری (ٹی اے آئی ) میں شہید ہونے والے جوانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، اور زخمیوں کے لیے دعا کی۔
صدر ایردوان نے ترکیہ کو ایک مضبوط، آزاد اور خوشحال ملک کے طور پر قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، اُنہوں نے کہا کہ یہ ورثہ سلجوقی اور عثمانی سلطنت سے ہوتا ہوا جمہوریہ ترکیہ کی صورت میں ہمیں عطاء ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کا 2,200 سال پرانا ریاستی ورثہ 16 ستاروں کی صورت میں ترکیہ کے صدارتی مہر پر موجود ہے اور اس سے ترکیہ کی عزم اور وقار کا اظہار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی حکومت ملک کی سرحدوں کے اندر اور باہر امن، سکون، انصاف، اور سلامتی کو فروغ دینے کے لیے اپنی قوم کے تاریخی اور تہذیبی ورثے کو مضبوطی سے اپنائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ "نہ دہشتگرد تنظیمیں، نہ خون کی ہولی کھیلنے والے ، اور نہ ہی ان کے معاون سامراجی عناصر ہمیں اپنے اہداف حاصل کرنے سے روک سکتے ہیں۔”