
حالیہ سالوں میں ترکی میں نقل و حمل، انفراسٹکچر ، توانائی اور دفاعی منصوبوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ترکی میں اس وقت بھی کئی بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی لاگت 138 بلین ڈالرز ہے۔ اگر سرکاری اور نجی شعبوں میں منصوبوں کی مشترکہ طور پر بات کی جائے تو ان کی کل لاگت 130 ممالک کی آمدنی سےزیادہ ہے۔ ترکی میں جاری چند میگا منصوبے درج ذیل ہیں۔
1915 چناکلے پل اور موٹر وے
استنبول کو چناکلے اور پھر شمال میں ایجن سے ملانے والی یہ شاہراہ 352 کلو میٹر طویل ہے۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے باسفورس عبور کرنے والی ٹریفک کو ایک متنادل راستہ مل جائے گا جو کہ ایجن اور وسطی اناطولیہ، ادانا- کونیا اور مغربی بحیرہ روم کے خطوں سے ہوتا ہوا یورپ اور تھریس کی طرف جائے گا۔
ریزے آرٹ وین ائیر پورٹ
ریزے آرٹ وین ائیر پورٹ ہر سال تین ملین مسافروں کی آمد و رفت کی گنجائش رکھتا ہے اور یہ ترکی کا دوسرا سطح سمندر پر بننے والا ائیرپورٹ ہے۔ اس منصوبے سے سیاحتی علاقوں کو منافع کے ساتھ ساتھ بحیرہ اسود خطے کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کے فروغ میں مدد ملے گی۔
گرینڈ استنبول ٹنل
گرینڈ استنبول ٹنل دنیا کی پہلی تین منزلہ ٹنل ہے۔ اس ٹنل کے ذریعے استنبول کی ٹریفک کے مسائل کافی حد تک حل ہو جائیں گے۔ اس منصوبے کے ذریعے ، باسفورس کو ایک ہی راستے سے عبور کیا جا سکے گا جس سے ہزاروں میٹر سرنگ کی تعمیراتی لاگت اور وقت کی بچت ہوگی۔

استنبول بین الاقوامی مالیاتی مرکز
استنبول بین الاقوامی مالیاتی مرکز کا منصوبہ 2023 میں استنبول کو دنیا کے 10 اہم ترین مالیاتی مراکز میں شامل کرنے کے مقصد کے تحت شروع کیا گیا ۔ اس منصوبے میں 320 ہزار مربع میٹر سنٹرل بینک کی عمارت ، 20 ہزار مربع میٹر کار پارکنگ ، اور ایک 100 میٹر لمبی سرنگ اور رابطہ سڑکیں شامل ہیں۔
انقرہ -سیواس ہائی اسپیڈ ریلوے
405 کلومیٹر طویل انقرہ سیواس ہائی اسپیڈ ریلوے منصوبے سے ایران اور قفقاز کے راستے آپس میں ملیں گے اور 603 کلومیٹر طویل انقرہ – سیواس ریلوے 405 کلو میٹر تک رہ جائے گی جس سے 12 گھنٹے کا سفر 2 گھنٹے میں طے ہو جائے گا۔

اککیو نیوکلیئر پاور پلانٹ
اککیو نیوکلیئر پاور پلانٹ دنیا کا واحد تعمیراتی منصوبہ ہے جو "بلڈ ، اوون ، آپریٹ” ماڈل پر بنایا جا رہا ہے۔ طویل مدتی معاہدے کے تحت ، کمپنی پلانٹ کے ڈیزائن ، تعمیر ، بحالی ، کمیشننگ اور ڈیکومیشننگ کے کام کی ذمہ دار ہو گی۔ اس منصوبے کی کل لاگت 20 بلین امریکی ڈالرز ہے۔ جوہری بجلی گھر میں 4 پاور یونٹ ہوں گے جن میں VVER-1200 ری ایکٹر نصب ہوں گے ، جن کی کل صلاحیت 4800 میگاواٹ ہے۔
