اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کا ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم نے بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا جائزہ لیا اور مطالبہ کیا کہ بھارت کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرے اور معمولات زندگی بحال کرے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف نے اجلاس کی صدارت کی جس میں آذربائیجان، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف نے کہا کہ اسلامی ممالک بھارتی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر دکھی ہیں۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کیا جائے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے حق سے محروم نہ کیا جائے۔ بھارت نے عالمی تنظیموں کے ساتھ جو وعدے کئے ہیں انہیں پورا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے لیکن مودی کے دور حکومت میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے۔ تنظیم نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم بند کرے۔