ترک کاروباری ایسوسی ایشن( MÜSIAD) کے زیر اہتمام استنبول میں کاروبار کو فروغ دینے کے لیے 2 نومبر سے ایکسپو کا انعقاد ہو گا ۔ ایکسپو میں سینکڑوں ترک فرمز اور کاروباری افراد سمیت 120 سے زائد ممالک کے غیر ملکی صنعت کار ، کاروباری شخصیات ، سرمایہ کار سمیت اعلیٰ حکام بھی شرکت کریں گے ۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ یہ چار روزہ ایکسپو، تجارتی سفارت کاری کے پلیٹ فارم کا کردار ادا کرے گا۔ جس میں فوڈ سیفٹی اینڈ پرزرویشن آف جنریشنز” کے موضوع کے مبنی 26 ویں انٹرنیشنل بزنس فورم سمیت متعدد تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
ایکسپو کے چیئرمین مہمت اسما لی نے کہا کہ یہ ایکسپو، قومی ٹیکنالوجیز کو عالمی دنیا سے متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہ کاروبار کو نئے موقع فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ MÜSIAD ایکسپو 1993 سے دنیا کے سامنے ترکیہ کی مضبوط صلاحیتوں کو متعارف کرانے والے سب سے اہم نمائشی منصوبوں میں سے ایک ہے اور 2 نومبر کو استنبول فئیر اور کانگریس سینٹر (TÜYAP)میں دنیا بھر کے کاروباری افراد کے لیے اپنے دروازے کھولے گی۔
چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایکسپو ہمارے ملک کی برآمدات میں براہ راست تعاون کرے گا کیونکہ اس میں مختلف ممالک سے آئے کاروباری افراد B2B بات چیت کر سکیں گے ۔ یہ ایکسپو 2 نومبر سے 5 نومبر تک جاری رہے گا جس میں استنبول میں 100,000 سے زائد زائرین کی میزبانی کی جائے گی۔