پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شینژو-24 خلائی مشن کے ذریعے خلا کے سفر پر روانہ ہوں گے۔ اس مشن کے ساتھ وہ زمین کے مدار میں جانے والے پہلے پاکستانی بن جائیں گے، جبکہ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا سفر کرنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا اعزاز بھی حاصل کریں گے۔
چین کے خلائی ادارے نے باضابطہ طور پر محمد ذیشان علی کے انتخاب کا اعلان کیا ہے۔ خلائی جہاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر شمال مغربی چین میں واقع خلائی مرکز سے روانہ ہوگا۔ مشن مکمل ہونے کے بعد وہ شینژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
اس خلائی مشن کی بنیاد فروری 2025 میں پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو اور چین کے خلائی ادارے کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے ذریعے رکھی گئی تھی۔ رواں سال اپریل میں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو چین میں خلا بازوں کی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔

منگل کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد ذیشان علی نے کہا کہ وہ خلا میں صرف اپنی ذات کی نمائندگی نہیں کر رہے بلکہ اپنے ساتھ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور خواب بھی لے کر جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور چین چاند اور مریخ کی تحقیق کے لیے بھی مشترکہ خلائی مشنز میں حصہ لیں گے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
محمد ذیشان علی کا یہ سفر پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس سے نہ صرف پاکستان کے انسانی خلائی پرواز کے شعبے میں قدم رکھنے کی راہ ہموار ہوگی بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تحقیق اور خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو بھی مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔
