Turkiya-Logo-top

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا ملائیشیا کا سرکاری دورہ وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات میں دفاعی و بحری سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان کے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی اور انہیں ملائیشیا کے آرمڈ فورسز اسٹاف کالج کے ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیرِ دفاع محمد خالد بن نورالدین سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ ، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دارالحکومت پتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون اور خطے سمیت عالمی سطح پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا اور پاکستان و ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے ملائیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید گہرے کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔

بعد ازاں ملائیشیا کی وزارتِ دفاع آمد پر فیلڈ مارشل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور بری، بحری و فضائی افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کے وزیرِ دفاع محمد خالد بن نورالدین سے ملاقات میں بھی باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون میں وسعت، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

دوسری جانب وزیراعظم انور ابراہیم کے ایکس اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا، جس میں مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں، عالمی بحری سلامتی یقینی بنانے کی اہمیت اور سرحدی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور تحمل کو ترجیح دینے جیسے امور شامل تھے۔

دونوں رہنماؤں نے قومی خودمختاری کے احترام اور شہریوں کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں ترکیہ کے ساتھ سہ فریقی تعاون کے علاوہ بحری سلامتی اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی تعاون بالخصوص خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔

Read Previous

پاکستان اور اردو زبان کے لیے ایک نیا اعزاز، روسی خبر رساں ادارے سپتنک نے اپنی اردو نیوز سروس کا باضابطہ آغاز کر دیا

Leave a Reply