turky-urdu-logo

جرمنی: مسلمانوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والا نوجوان گرفتار

جرمنی میں پولیس نے ایک 21 سالہ نوجوان کو مسلمانوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ یہ نوجوان نیوزی لینڈ میں ایک سال پہلے مسجد پر حملہ کرنے والے شخص کے خیالات سے متاثر بتایا جا رہا ہے۔ مسجد پر حملے میں 51 مسلمان شہید ہو گئے تھے۔

جرمن پولیس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے جو مسلمانوں کو قتل کرو کی سوچ لے کر مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق گرفتار نوجوان نے ایک انٹرنیٹ چیٹ میں بتایا کہ وہ مسلمانوں پر حملے کرنا چاہتا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق نوجوان مسلمانوں پر حملے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مارنا چاہتا تھا تاکہ اسے بین الاقوامی میڈیا سے بڑے پیمانے پر کوریج مل سکے۔ انٹرنیٹ چیٹ کے دوران نوجوان نے بتایا کہ وہ نیوزی لینڈ میں مسجد پر ہونے والے حملے کی طرز پر مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ پولیس کے مطابق مسلم کمیونٹی اس کا ہدف تھی۔

پولیس نے نوجوان کے گھر پر چھاپے کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔ گرفتار نوجوان کو جلدہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ نوجوان کے خلاف مسلمانوں پر حملے کی منصوبہ بندی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دہشت گردی کی مالی معاونت جیسے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

حال ہی میں جرمنی میں شدت پسند نظریات کے حامل لوگوں کی طرف سے مختلف حملے کئے گئے ہیں۔ اکتوبر 2019 میں فرینکفرٹ کے نزدیک ایک شیشہ بار کیفے میں ایک شدت پسند نے حملہ کر کے 9 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ جون 2019 میں ایک سیاستدان والٹر لیوبکے اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ پولیس نے ایک شدت پسند کو ان کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس سال مارچ میں جرمن وزیر داخلہ نے شدت پسندی اور دائیں بازو کے دہشت گردوں کو جرمن جمہوریت کیلئے خطرہ قرار دیا تھا۔ ان واقعات کے بعد حکومت نے ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے اور شدت پسندوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

Read Previous

برازیل نے ترکی سے کوویڈ 19 کے دوران 650 وینٹیلیٹرز وصول کیے

Read Next

مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ کے نتیجے میں چار مجاہدین ہلاک ہوگئے

Leave a Reply