خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیس لائنز مسجد پر خودکش حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق تقریباً 20 گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی میں تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد دہشت گردوں نے پولیس لائنز کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، ایلیٹ فورس اور سکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی کی۔ جوابی آپریشن میں 8 حملہ آور مارے گئے جبکہ عمارتوں کے اہم حصوں کو کلیئر کر لیا گیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کی نگرانی کوہاٹ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے کی۔ پاک فوج کے کمانڈوز، پولیس اہلکاروں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو کلیئر کرنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔
خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ حملہ آوروں کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا، تاہم سکیورٹی اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔
دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے، جن میں 16 پولیس اہلکار اور 6 شہری شامل ہیں، جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں ایس پی ٹریفک کوہاٹ اکبر شنواری اور دیگر پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
حملے میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں پولیس و سکیورٹی حکام، سرکاری شخصیات، شہداء کے اہلخانہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں شہداء کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کر دیے گئے۔
