Turkiya-Logo-top

سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ 22 سال بعد دوبارہ رشتہ ازدواج میں منسلک

برطانوی فلم پروڈیوسر اور اسکرین رائٹر جمائما گولڈ اسمتھ نے کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے شادی کرلی ہے۔ یہ جمائما گولڈ اسمتھ کی سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان سے علیحدگی کے تقریباً 22 سال بعد دوسری شادی ہے۔

جمائما کے خاندان کی جانب سے سوشل میڈیا پر شادی سے متعلق تصاویر اور پیغامات شیئر کیے گئے۔ جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ کی اہلیہ جمائما جونز نے انسٹاگرام پر شادی کی تقریب میں شرکت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے نئے جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

تاہم انہوں نے جمائما گولڈ اسمتھ اور کیمرون او ریلی کی براہِ راست شادی کی تصاویر شیئر نہیں کیں۔

برطانوی میڈیا نے رواں سال مئی میں رپورٹ کیا تھا کہ جمائما گولڈ اسمتھ اور 62 سالہ کیمرون او ریلی کی منگنی ہو چکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں تقریباً ایک سال سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمائما اور کیمرون او ریلی کی قربت دستاویزی فلموں اور میڈیا سے متعلق مشترکہ دلچسپی کے باعث بڑھی۔ دونوں ابتدا میں دوست تھے، تاہم بعد میں یہ تعلق رومانوی رشتے میں تبدیل ہو گیا۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے 1995 میں عمران خان سے شادی کی تھی۔ شادی کے بعد وہ کئی برس پاکستان میں بھی مقیم رہیں۔ دونوں نے تقریباً 9 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2004 میں علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ عمران خان اور جمائما کے دو بیٹے، سلیمان خان اور قاسم خان ہیں۔

طلاق کے بعد بھی جمائما مختلف مواقع پر عمران خان اور پاکستان سے متعلق معاملات پر اظہارِ خیال کرتی رہی ہیں۔

کیمرون او ریلی کون ہیں؟

کیمرون او ریلی آئرلینڈ میں پیدا ہونے والے معروف کاروباری اور سرمایہ کار ہیں۔ وہ آئرش میڈیا کی معروف شخصیت سر انتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں اور میڈیا، سرمایہ کاری اور انرجی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں کام کرچکے ہیں۔

کیمرون او ریلی 28 اپریل 1964 کو ڈبلن میں پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن آئرلینڈ، برطانیہ اور امریکا کے مختلف شہروں میں گزرا۔

انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے وورسٹر کالج سے فلسفہ، سیاست اور معاشیات یعنی PPE میں تعلیم حاصل کی۔ یونیورسٹی کے زمانے میں وہ کھیلوں اور مباحثے کی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے رہے۔

کیمرون نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز عالمی سرمایہ کاری بینک گولڈمین ساکس سے کیا۔ بعد ازاں وہ اپنے خاندان کے میڈیا کاروبار سے منسلک ہو گئے اور آسٹریلیا میں اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں مختلف انتظامی ذمہ داریاں انجام دیں۔

1996 میں انہیں اے پی این کا چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے کمپنی کے میڈیا آپریشنز اور کاروباری توسیع میں اہم کردار ادا کیا۔

بعد میں انہوں نے سرمایہ کاری کے شعبے میں اپنی کمپنی بیارڈ کیپٹل قائم کی اور توانائی، پانی اور سمارٹ میٹرنگ ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری پر توجہ دی۔

مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک

کیمرون او ریلی کی کاروباری سرگرمیوں میں سب سے نمایاں نام لینڈس پلس گائر کا رہا، جو سمارٹ میٹرز بنانے والی بڑی عالمی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔

2011 میں اس کمپنی کو جاپانی کمپنی توشیبا نے تقریباً 2.3 ارب ڈالر میں خرید لیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق کیمرون او ریلی اس سے قبل بھی شادی شدہ رہ چکے ہیں اور ان کے چار بچے ہیں۔ وہ کئی برسوں سے سوئٹزرلینڈ میں مقیم ہیں۔

Read Previous

نئی دہلی اعلامیہ: برکس نے دنیا کے موجودہ نظام کے متبادل کے لیے کیا خاکہ پیش کیا؟

Read Next

انڈونیشین بحریہ کے سربراہ کی فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی شعبے میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

Leave a Reply