پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے شہر استنبول میں شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترک حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے کم از کم چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد رہائشی علاقوں، کاروباری مراکز اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
ترک وزیر داخلہ مصطفیٰ چفتچی کے مطابق استنبول کو 1942 کے بعد سب سے بڑے سیلاب کا سامنا ہے۔
ترکیہ کے سرکاری خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق استنبول میں جمعرات کی صبح تک 48 گھنٹوں کے دوران اتنی بارش ہوئی، جو عام طور پر ستمبر اور اکتوبر کے دونوں مہینوں میں مجموعی طور پر ہوتی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث شہر کی سڑکیں اور پارک زیرِ آب آ گئے، گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہو گیا، جبکہ سیلابی ریلوں میں متعدد گاڑیاں بہہ گئیں۔
اس صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ انھیں استنبول میں سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان اور تباہی پر گہرا دکھ ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں برادر ملک ترکیہ کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
دوسری جانب ترکیہ کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہفتے اور اتوار کے دوران استنبول سمیت پانچ صوبوں میں مزید شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔
استنبول میں امدادی اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حکام متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے، ملبہ ہٹانے اور شہریوں کو ضروری مدد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
