استنبول انٹرنیشنل اوپیرا اینڈ بیلے فیسٹیول کا 17واں ایڈیشن شاندار انداز میں اختتام پذیر ہو گیا، جس کا آخری شو عالمی شہرت یافتہ بیلے ’’سوان لیک‘‘ کی صورت میں پیش کیا گیا۔
یہ فیسٹیول ترکیہ کی وزارتِ ثقافت و سیاحت اور اسٹیٹ اوپیرا اینڈ بیلے ڈائریکٹوریٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جبکہ اختتامی تقریب اتاترک کلچرل سینٹر کے ترک ٹیلی کام اوپیرا ہال میں ہوئی۔
پیوتر الیچ چائیکوفسکی کے کلاسیکی بیلے کو استنبول اسٹیٹ اوپیرا اینڈ بیلے نے کوریوگرافر ریکارڈو امارانتے کی ہدایت کاری میں پیش کیا۔ مرکزی کرداروں میں بُشرا آے نے اوڈیٹ/اوڈیلیا اور دوروک دیمردیریک نے پرنس زیگفریڈ کا کردار ادا کیا۔
فیسٹیول کے دوران مجموعی طور پر 13 پروڈکشنز پر مشتمل 22 پرفارمنسز پیش کی گئیں، جن میں اوپیرا، بیلے، جدید رقص اور کنسرٹس شامل تھے۔ پروگرام کا آغاز ’’لوسیا دی لامر مور‘‘ سے ہوا جبکہ ’’لا ٹراویاتا‘‘ اور موزارٹ کا اوپیرا ’’دی ابڈکشن فرام دی سیرائیل‘‘ بھی نمایاں رہے۔
بچوں کے لیے خصوصی اوپیرا ’’دی لٹل پرنس‘‘ اور جدید انداز کی پیشکش ’’پنوقیو ڈاٹ ایکس ای‘‘ نے بھی شائقین کی توجہ حاصل کی۔
فیسٹیول نے استنبول کو ایک بار پھر عالمی ثقافتی اور پرفارمنگ آرٹس کے مرکز کے طور پر اجاگر کیا۔
