انگل ووڈ، کیلیفورنیا: فیفا ورلڈ کپ کے گروپ جی میں بیلجیئم کے خلاف 0-0 کے ڈرا کے بعد ایران کی فٹبال ٹیم نے لاس اینجلس کے سوفائی اسٹیڈیم کے لاکر روم میں ایک ہاتھ سے لکھا گیا شکریے کا نوٹ چھوڑا جس میں امریکی شہر کی مہمان نوازی کو سراہا گیا۔
یہ نتیجہ ایران کی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھتا ہے اور ٹیم اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
لاس اینجلس نے اب تک ایران کے دونوں گروپ میچوں کی میزبانی کی ہے۔ میچوں کے درمیان ٹیم میکسیکو کے شہر تیخوانا میں اپنے بیس کیمپ واپس جاتی ہے جہاں وہ ٹورنامنٹ کے دوران قیام پذیر ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکہ میں سفری اور قیام سے متعلق کچھ پابندیوں کے باعث ٹیم کو غیر معمولی انتظامات کا سامنا ہے، تاہم ان پابندیوں میں نرمی کے لیے بات چیت بھی جاری ہے۔

ایران فٹبال فیڈریشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹ میں کہا گیا کہ قدیم فارس سے لے کر آج کے جدید ایران تک، ایران کی روح ہمیشہ زندہ اور مضبوط ہے
نوٹ میں مزید لکھا گیا لاس اینجلس، آپ کی مہمان نوازی کا شکریہ۔ ہم فخر کے ساتھ آئے، عزت کے ساتھ کھیلے اور وقار کے ساتھ واپس جا رہے ہیں
اس پیغام میں ایرانی شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے ٹیم کو بھرپور حمایت فراہم کی اور انہیں ٹیم کا دل، آواز اور روح قرار دیا گیا۔
ایران کے ہیڈ کوچ امیر قلعهنویی نے سفری پابندیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو ایسے چیلنجز کا سامنا ہے جو دیگر ٹیموں کے لیے موجود نہیں۔
ایران اب اپنا آخری گروپ میچ سیئٹل میں مصر کے خلاف کھیلے گا جو ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوگا۔
