استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آ سکتا ہے۔ ماہر ارضیات ناجی غورر نے کہا ہے کہ استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آ رہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آ سکتا ہے۔
ماہر ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ زمین کے نیچے پلیٹس بڑی تیزی سے اپنی جگہ بدل رہی ہیں۔ مستقبل قریب میں شہر کا ساحلی علاقہ سیلوری اس وقت خطرناک زون میں ہے۔
ایک کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آ سکتا ہے۔
ماہر ارضیات کا کہنا ہے کہ وہ کئی بار حکومت کو یہ کہہ چکے ہیں کہ مارمرا کے سمندر میں کمبرغز فالٹ لائن موجود ہے جو استنبول میں کسی بڑے حادثے کو جنم دی سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہو گا اور جو خطرناک عمارتیں ہیں ان کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔
استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ ایجنسی کے مطابق استنبول کی ایک لاکھ 94 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو متاثر تو ہوں لیکن زیادہ نقصان کا باعث نہیں بنیں گی۔
استنبول میونسپل کارپوریشن کے مطابق اگر شہر میں 7 شدت کا زلزلہ آتا ہے تو اس سے 120 ارب ٹرکش لیرا کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔
One Comment
پاکستان میں عمارتوں کی کیا پوزیشن ہے۔