ترک ریاستوں کی تنظیم (او ٹی ایس ) نےاستنبول کو آئندہ برس 2023کے لئے ترک دنیا کے نوجوانوں کا دارالحکومت قرار دے دیا ہے۔
اس بات کا اعلان ترکیہ کے کھیلوں اور نوجوانوں کے وزیر مہمت کاساپو اولو نے گذشتہ روز او ٹی ایس کے وزارتی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر ترکیہ کے شمال مغربی صوبہ برسا میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ استنبول فخر کے ساتھ یہ اعزاز اپنے پاس رکھے گا اور ترک دنیا کے نوجوانوں کے درمیان ہمارے بھائی چارے اور وفاداری کو مضبوط کرے گا اور ہمارے تعاون کو فروغ دے گا۔ وزیر نے مزید کہا کہ وہ استنبول جسے نوجوانوں کا دارالحکومت قرار دیا گیا ہےمیں تنظیم کی تعاون سے نوجوان کاروباری فورم اور نوجوان لیڈر فورم جیسی بہت سی سرگرمیوں، کاموں اور منصوبوں کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ ترکیہ، آذربائیجان، قازقستان اور کرغزستان نے ترک ریاستوں کی تنظیم، جسے اس وقت ترک کونسل کے نام سے جانا جاتا تھا، کواکتوبر 2009 میں قائم کیا تھا۔ ازبکستان نے 15 اکتوبر 2019 کو باکو میں ترک کونسل کے ساتویں سربراہی اجلاس کے دوران تنظیم میں اپنے الحاق کو حتمی شکل دی۔ ہنگری اور ترکمانستان مبصر ریاستیں ہیں۔