نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن اور جاری سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برن، سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے نفاذ سے متعلق ہونے والی پیش رفت پر چینی سفیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے حالیہ قاہرہ کے دورے کا بھی ذکر کیا، جہاں انہوں نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ R-4 علاقائی اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد خطے میں مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے ذریعے استحکام کو فروغ دینا تھا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان کے امن کے لیے چین کی مسلسل اور اصولی حمایت کو سراہا اور خاص طور پر صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز اور چین-پاکستان پانچ نکاتی اقدام کے تحت تعاون کو اہم قرار دیا۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے علاقائی کشیدگی میں کمی کے کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کے ثالثی اور امن کے فروغ کے کردار کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام حل طلب مسائل کے پرامن حل کے لیے مسلسل سفارتی رابطہ، مکالمہ اور مذاکرات کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی مشاورت اور ہم آہنگی جاری رہے گی تاکہ امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان-چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے گا۔
