turky-urdu-logo

پاکستان نئی دہلی میں اپنا سفارتی عملہ 50 فیصد کم کرے، بھارت

بھارتی وزارت امور خارجہ نے آج نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور پاکستانی سفارتخانے کے عملے میں 50 فیصد کمی کا مطالبہ کیا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان کا سفارتی عملہ بھارت میں جاسوسی اور دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطوں جیسے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ حال ہی میں پاکستانی سفارتخانے کے دو ملازمین کو ان سرگرمیوں میں رنگے ہاتھوں پکڑنے کے بعد 30 مئی کو بھارت بدر کر دیا گیا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا سفارتی عملہ اپنے سفارتی امور بجا لانے کے بجائے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کو اپنا کام کرنے سے روکا جا رہا ہے۔ بھارتی امور خارجہ کی وزارت نے الزام عائد کیا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو ملازمین کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنایا گیا اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک برتا گیا۔ یہ دونوں ملازمین 22 جون کو بھارت واپس آئے اور اپنے ساتھ ہونے والے غیر انسانی سلوک کے ثبوت بھی فراہم کئے۔ بھارتی خارجہ امور کی وزارت کے مطابق پاکستان ویانا کنونشن اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارتی حکومت نے پاکستانی ہائی کمیشن سے کہا ہے کہ وہ اپنے سفارتی عملے میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کرے۔ اسی طرح بھارت بھی اسلام آباد میں اپنے سفارتی عملے میں 50 فیصد کمی کرے گا۔ بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ ان احکامات پر سات دن کے اندر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

Read Previous

نارتھ فیس اور پیٹاگونیا کا فیس بک کو اشتہارات دینے سے انکار

Read Next

ترکی کے فٹ بال کلب اخیسرسپور میں کورونا وائرس کے 12 کیسز کی تصدیق

Leave a Reply