
جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) کی قیصری صوبائی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے ،ترکیہ کےصدر، رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ، شام کے شمالی علاقوں پر قابض دہشت گرد تنظیم PKK/YPG کا خاتمہ قریب ہے اور یہ تنظیم اب ردی کی ٹوکری میں پھینکے جانے کے قریب ہے۔
صدر ایردوان نے شام کی موجودہ سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ، تاریخ نے شام کے حوالے سے ترکیہ کو درست ثابت کیا ہے۔ بعث حکومت، جو 61 سال تک اپنے عوام پر ظلم ڈھاتی رہی، چند ہی دنوں میں ختم ہو گئی اور اسد، پیچھے مڑ کر دیکھے بغیر، شام سے فرار ہو گیا۔
ایردوان نے دہشت گرد تنظیم PKK/YPG کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ، ترکیہ کا مقصد یہ ہے کہ، شام میں موجود تمام دہشت گرد تنظیموں کو آسانی سے یا طاقت کے ذریعے ختم کیا جائے، تاکہ ترکیہ کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور اپنے ہمسایہ ملک کی علاقائی سالمیت، سیاسی اتحاد اور اندرونی امن کے لیے رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔
صدر ایردوان نے مزید کہا کہ، وہ لوگ جنہوں نے داعش کےبہانے سے ہمارے خطے کو جہنم میں تبدیل کیا، اس بار کامیاب نہیں ہوں گے۔ YPG دہشت گرد تنظیم شام کی سلامتی اور امن میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، اور اس تنظیم کو بھی جلد ہی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جائے گا، اس کی اب کوئی نجات نہیں ہے۔