Turkiya-Logo-top

ترکیہ اور عراق ایک صفحے پر… انقرہ میں تاریخی ملاقات

ترکیہ اور عراق نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے کئی نئے معاہدوں پر دستخط کر دیے۔

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں صدر رجب طیب ایردوان نے عراق کے وزیراعظم علی زیدی اور ان کے وفد سے ملاقات کی، جس میں دفاع، توانائی، تجارت، ٹرانسپورٹ اور علاقائی تعاون سمیت متعدد اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جنہیں دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ عراق کے امن اور استحکام کو اپنی قومی سلامتی سے جوڑ کر دیکھا ہے، اور مستقبل میں بھی یہی مؤقف برقرار رکھا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک خطے کو جنگ، دہشت گردی اور کشیدگی سے نکال کر ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ دہشت گردی سے پاک ترکیہ اور دہشت گردی سے پاک خطے کے وژن کو حقیقت بنانے کے لیے عراق کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے، اور امید ہے کہ یہ مسئلہ، جس نے دونوں ممالک کو بھاری نقصان پہنچایا، مستقل طور پر ختم کیا جا سکے گا۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ترکیہ عراق کی دفاعی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنی دفاعی صنعت کی مصنوعات فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔

صدر ایردوان کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال دونوں ممالک کے لیے دفاع کے ساتھ ساتھ توانائی، ٹرانسپورٹ اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی متقاضی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیولپمنٹ روڈ پراجیکٹ موجودہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکا ہے، کیونکہ یہ منصوبہ عراق کو خلیجی خطے اور عالمی منڈیوں کے درمیان ایک اہم تجارتی راہداری کے طور پر جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

توانائی کے شعبے میں بھی ایک اہم پیش رفت سامنے آئی، جہاں بی پی کے زیرِ انتظام کرکوک کے تیل کے پیداواری میدان میں شراکت داری ترکش پیٹرولیم کو دی گئی۔ صدر ایردوان نے اس معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے تعاون میں ایک تاریخی قدم قرار دیا۔

پانی کے وسائل کے حوالے سے بھی دونوں ممالک نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور پانی کے پائیدار استعمال کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ گزشتہ سال ترکیہ اور عراق کے درمیان تجارتی حجم تقریباً 17 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا، اور دونوں ممالک اسے آنے والے برسوں میں مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنے بیان کے اختتام پر صدر رجب طیب ایردوان نے عراق کے وزیراعظم علی زیدی کا دورۂ ترکیہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آج ہونے والے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات، علاقائی استحکام اور اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

Read Previous

پاک بحریہ کے چار کموڈورز کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی

Read Next

یہ اپنے ہی لوگوں کی گولیوں سے زخمی ہوتے ہیں اور الزام پولیس پر لگا دیتے ہیں ، ترجمان آزاد کشمیر پولیس

Leave a Reply