ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی (TİKA) پاکستان کی سربراہ صالحہ تونا سے ٹکا پاکستان کے دفتر میں گرین کریسنٹ کے نائب سفیر ڈاکٹر محمد گُلّوُ اوغلوُ کا خیرمقدم کیا جہاں دونوں شخصیات کے درمیان عوامی صحت، انسدادِ منشیات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ترکیہ اور پاکستان کے درمیان نشے کی روک تھام، بالخصوص منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی، آگاہی مہمات، ادارہ جاتی تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے نوجوان نسل کو محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ منشیات کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے صرف حکومتی اقدامات ہی نہیں بلکہ سماجی اداروں، تعلیمی مراکز اور بین الاقوامی شراکت داری کا مؤثر کردار بھی ناگزیر ہے۔ اس سلسلے میں تجربات اور مہارت کے تبادلے کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا گیا۔
ملاقات میں دونوں اداروں نے مستقبل میں مشترکہ اقدامات، تربیتی پروگرامز اور آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط، مؤثر اور دیرپا بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ٹکا پاکستان کی سربراہ صالحہ تونا نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات عوامی فلاح، صحت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں گرین کریسنٹ کی جانب سے بھی مشترکہ کاوشوں کو آئندہ نسلوں کے لیے ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرے کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا
