
فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ غزہ کے الشفا ہسپتال میں 7 نومولود بچوں سمیت 34 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں۔
غزہ کی پٹی کے نائب وزیر صحت یوسف ابو ریش نے بتایا کہ غزہ کے الشفا ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل 7 نومولود بچوں سمیت 34 مریض جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شمالی غزہ کے تمام ہسپتال غیر فعال ہوگئے ہیں ۔غزہ کے الشفا ہسپتال میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے دوران انکیوبیٹرز ایندھن کی قلت کی وجہ سے بند ہوگئے تھے۔
غزہ میں موجود عالمی ادارہ صحت کے حکام نے خبردار کیا کہ ہسپتال میں 3 ہزار سے زائد مریض اور طبی عملہ پناہ لئے ہوئے ہیں جن کے پاس ایندھن، پانی اور خواراک کی شدید قلت ہے۔الشفا ہسپتال کے اندر موجود عالمی ادارہ صحت کے حکام سے رابطے کے بعد ادارے کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے کہا کہ بدقسمتی سے الشفا ہسپتال نے مزید بطور ہسپتال کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔
ہسپتال 3 دن سے بغیر بجلی اور پانی کے ہے۔
قبل ازیں اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے ادارے نے کہا کہ غزہ کے کل 36 میں سے 20 ہسپتال غیر فعال ہوگئے ہیں۔