turky-urdu-logo

جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن انتقال کرگئے، سیاسی رہنماؤں کی تعزیت

جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن  79 برس کی عمر میں کراچی میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

سید منور حسن طویل عرصے سے علیل اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔منور حسن اگست 1941 میں دہلی میں پیدا ہوئے  اور 1947 میں خاندان کے ہمراہ پہلے دہلی سے لاہور اور پھر لاہور سے کراچی ہجرت کی۔

منورحسن نے طلبہ سیاست کا آغاز نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے کیا تھا اور وہ  1959 میں نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔

سید منورحسن جون 1960 میں اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہوئے اور 1963 میں اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم رہے۔

طلبہ سیاست سے سید منور حسن نے قومی سیاست کی طرف آئے۔ وہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر بنے اور پھر سیکریٹری جنرل کے عہدے پر بھی کام کیا۔ سید منور حسن چار سال تک جماعت اسلامی کے امیر بھی رہے۔ جماعت اسلامی کے امیر کے عہدے سے فارغ ہونے کے بعد وہ کراچی دوبارہ شفٹ ہو گئے۔ وہ خاصے عرصے سے علیل تھے۔ انہیں ذیابیطس اور رعشے کی بیماری لاحق تھی۔ پچھلے کچھ دنوں سے وہ کراچی کے ایک مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

سید منور حسن کے انتقال پر صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کئی دیگر سیاسی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر تعزیت کی۔

پاک تُرک فرینڈشپ گروپ کے چیئرمین علی شاہین نے بھی سید منور حسن کے انتقال پر ان کے خاندان اور جماعت اسلامی کے کارکنوں کے ساتھ اظہار تعزیت کی اور کہا کہ منور حسن بلاشبہ ایک عظیم شخصیت تھے۔

Read Previous

آزانوئی کا قدیم شہر ، زیوس کے معبد کا گھر ، دوبارہ بحال

Read Next

فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے۔

Leave a Reply