turky-urdu-logo

چین کے لئے برآمدی سامان لے جانے والی ترکی کی کارگو ایکسپورٹ ٹرین انقرہ پہنچ گئی

ترکی کو چین سے ملانے والے قدیم سلک روٹ پر سفر کرتے ہوئے کارگو ایکسپورٹ ٹرین انقرہ پہنچ گئی ہے۔

دونوں ملکوں کو ریل کے ذریعے ملانے والے اس قدیم تجارتی راستے کو "آئرن سلک روڈ” یا "سینٹرل کوریڈور” کا نام دیا گیا ہے۔ اس راستے پر سفر کرتے ہوئے پہلی بار ترکی سے برآمدی سامان لے کر ایک ٹرین چین کے لئے جمعہ کو روانہ ہوئی تھی جو آج انقرہ پہنچ گئی ہے۔

یورپ اور ایشیا کو ملانے والا یہ تجارتی راستہ محفوظ اور کم لاگت کے ساتھ ساتھ ماحول دوست بھی ہے۔

ٹرین 754 میٹر لمبی ہے جس کے ساتھ سامان کے 42 کنٹینرز ہیں۔ ٹرین کے ساتھ لگائے گئے 1400 کولرز ترکی میں تیار کئے گئے ہیں۔ یہ ٹرین 12 روز میں چین پہنچے گی۔

سلک روڈ ٹرین ترکی میں 2،323 کلو میٹر کا فیصلہ طے کرے گی۔ یہاں سے ٹرین باکو تبلیسی کارس ریلوے لائن کو استعمال کرتے ہوئے چین کے شہر شیان پہنچے گی۔ ٹرین اپنے سفر میں جارجیا، آذربائیجان اور قازقستان سے گزرے گی۔

جارجیا میں یہ ٹرین 220 کلومیٹر، آذربائیجان میں 430 کلومیٹر، کیسپئن سمندر میں 420 کلومیٹر، قازقستان میں 3200 کلومیٹر اور چین میں 2100 کلومیٹر فاصلہ طے کرے گی۔

ٹرین جارجیا کے اخل کلاکی ریلوے اسٹیشن سے آذربائیجان اور پھر قازقستان سے ہوتی ہوئی چین میں داخل ہو گی۔

ترکی کی کارگو ایکسپورٹ ٹرین مجموعی طور پر 8،693 کلو میٹر سفر طے کرے گی جس میں وہ دو براعظموں، دو سمندروں اور پانچ ممالک سے ہوتی ہوئی چین پہنچے گی۔

اس ٹرین سے چین اور ترکی کے درمیان تجارتی سفر کا دورانیہ ایک ماہ سے کم ہو کر 12 روز تک محدود ہو جائے گا۔ یہی ٹرین چین سے یورپ کے شہر پراگ تک 18 روز میں اپنا سفر مکمل کرے گی۔

Read Previous

ترکی کسی دھمکی پر جھکے گا نہ ہی بلیک میلنگ برداشت کرے گا، صدر ایردوان

Read Next

ترکی میں کورونا وائرس کی شدت امریکہ اور یورپ کے مقابلے میں کم ہے، عالمی ادارہ صحت

Leave a Reply