سابق وزیراعظم، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے ۔ عمران خان لانگ مارچ کی قیادت کر رہے تھے کہ وزیر آباد کے قریب کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے عمران خان زخمی ہوگئے۔ ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مشتبہ حملہ آور فائرنگ کے وقت کنٹینر کے نیچے موجود تھا۔ موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر عمران خان کے پاس پہنچ گئے اور انہیں حصار میں لے کر بلٹ پروف جیکٹ ان کے سامنے کردیے، چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹانگ پر گولی لگی ہے ،جس کے بعد انہیں کنٹینر سے بلٹ پروف گاڑی میں اسپتال منتقل کردیا گیا، اسپتال منتقلی کے دوران عمران خان کے پاؤں میں پٹی بندھی ہوئی بھی دیکھی گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں بھگڈر مچ گئی اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید ، احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ جبکہ چیئرمین عمران خان کو لاہور کے شوکت خانم اسپتال منتقل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار شخص کی شناخت محمد نوید کے نام سے ہوئی ہے، جسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔