turky-urdu-logo

پاکستان-چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط کرنے کا عزم

وزیر اعظم پاکستان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات
شہباز شریف نے حالیہ سیلاب میں پاکستان کی بروقت مدد کرنے پر چینی صدر کا شکریہ ادا کیا ۔ جبکہ چینی صدر نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم پاکستان نے شی جن پنگ کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کےلیے تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔

پاکستان اور چین کی قیادت نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاک چین دوستی کے خلاف ہر سازش اور منفی عزائم کو ناکام بنانے اور زراعت، کان کنی، آئی ٹی، سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون ، صحت، صنعت، ڈیجیٹل و گرین کوریڈورز قائم کرنے سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جبکہ پاکستان نے ملک میں تمام چینی عملہ، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت اور تحفظ کی مکمل یقین دہانی بھی کروائی۔
وزیراعظم نے چینی اسٹیٹ کونسل کے سربراہ لی کی کیانگ کے ساتھ بات چیت کی اور نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین لی ژان شو سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر دوبارہ انتخاب پر صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی اور ان کی قیادت، دانشمندی، وژن اور عوام کیلیے ترقی کے فلسفے اور پاکستان اور چین کے تعلقات مضبوط تر بنانے کیلیے ان کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعظم محمدشہباز شریف نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی نیشنل کانگریس کے 20ویں اجلاس کی کامیاب تکمیل پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے چین کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلیے کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کردار اور اس کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کی کامیابی اور کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں عالمی سیاست کی اصلاح اور گورننس کے فلسفے کیلیے کردار کی تعریف کی۔ چینی راہنماؤں نے پاکستان اور چین کی دوستی کیلیے وزیراعظم شہباز شریف کے دیرینہ عزم کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے درمیان سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی سیاسی منظرنامے پر تفصیلی تبادلہِ خیال کیا اور ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے دوران چین اور پاکستان کے درمیان بھرپور سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
خیال رہے کہ یہ شہباز شریف کا وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد چین کا پہلا دورہ ہے۔

Read Previous

آذربائیجانی صدر کی ترک صدر کو ٹوگ کی پروڈکشن شروع ہونے پر مبارکباد

Read Next

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان زخمی

Leave a Reply