turky-urdu-logo

فیفا ورلڈ کپ 2022،دوسرے روز کے میچز بھی سنسنی خیز رہے

فیفا ورلڈ کپ 2022کا دوسرا دن سنسنی خیز رہا۔ گروپ مراحل کی اہم ٹیمیں مدِمقابل آئیں  اوراپنی بہترین کارکردگی بھی دکھائی ۔ دن کے اختتام پر انگلینڈ اور نیدرلینڈز نے اپنے اپنے میچ جیتے

ایران اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے میچ سیٹی بجتے ہی انگلینڈ کی ٹیم حاوی نظر آئی۔ ایران کو دھچکا تب لگا جب میچ کے 9ویں منٹ میں ایران کے گول کیپر کا انگلینڈ کے کھلاڑی سے تصادم ہوگیا۔ یہ تصادم دیکھنے والے ہر شخص پر لرزا طاری ہوگیا۔ گول کیپر علی رضا شدید زخمی ہوگئے اور اس دوران میچ تقریباً 15 منٹ رکا رہا۔

متبادل گول کیپر کا یہ پہلا عالمی کپ میچ تھا، لیکن انگلینڈ کی ٹیم کسی رحم کرنے کی نیت سے میدان میں نہیں اتری تھی۔ پہلے ہاف میں ہی انگلینڈ نے 3 گولز اسکور کیے جن میں اسٹرلنگ، ساکا اور بیلنگہم کے گول شامل تھے جبکہ دوسرے ہاف میں ایران مزاحمت کرتی نظر آئی لیکن انگلینڈ نے مزید 3 بار بال نیٹ میں ڈالی۔ دوسرے ہاف میں ریشفورڈ کا بطور متبادل میدان میں آتے ہی ایک منٹ میں گول اسکور کرنا نمایاں رہا۔ دوسرے متبادل کھلاڑی گریلش نے بھی گول اسکور کیا۔

اس دوران ایران نے بھی گول اسکور کیا جبکہ اہم لمحہ وہ تھا کہ جب آخری لمحات میں ایران کو پینلٹی دے دی گئی جس پر   ایران نے 2-6 پر مقابلے کا اختتام کیا۔ 2 گول اسکور کرنے والے ساکا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس میچ میں ایک اور غیر معمولی بات 25 منٹ کا ایکسٹرا ٹائم تھا جو انجری میں ضائع ہونے والے وقت کی وجہ سے دیا گیا۔ میچ کے دوران ایران کے کھلاڑی بار بار پھسلتے ہوئے نظر آئے۔

اس میچ کے دوران ایرانی شائقین نے ایران میں خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کے خلاف بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ یہی نہیں بلکہ ایرانی ٹیم نے بھی ایرانی حکومت سے احتجاج کے طور پر ملک کا ترانہ بھی نہیں پڑھا۔

اگلا مقابلہ سینیگال اور نیدرلینڈ کے درمیان ہوا سادیو مانے کی عدم موجودگی کے باوجود سینیگال نے ورلڈ کپ فیوریٹ تصور کی جانے والی نیدرلینڈز کی ٹیم سے ٹکر کا مقابلہ کیا۔ سینیگال کے اٹیک کا نیدرلینڈز کے ڈیفینڈر اور کپتان وین ڈائک کامیابی سے دفاع کرتے نظر آئے۔

یہ میچ کافی تیز اور دلچسپ رہا اور دونوں ہی حریف جلد سے جلد بال نیٹ میں ڈالنے کی جستجو میں نظر آئے اور بلآخر 84ویں منٹ میں نیدرلینڈرز نے اپنا پہلا گول اسکور کیا اور پھر ایکسٹرا ٹائم کے 9ویں منٹ میں دوسرا گول اسکور کیا۔ میچ کا اسکور 0-2 رہا اور یوں نیدرلینڈز نے اپنے گروپ مراحل کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے، اپنی فارم کو برقرار رکھا۔

 

 

Read Previous

دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سویڈن اور فن لینڈ کو ترکیہ کی مدد کرنی چاہیے، نیٹو سیکرٹری

Read Next

انڈونیشیا میں 5.6 شدت کا زلزلہ، 162 افراد ہلاک متعدد زخمی

Leave a Reply