فیلڈ مارشل سید عاصم منیر جمہوریہ ترکیہ کے اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ہیں جس کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون، اسٹریٹجک شراکت داری اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ترکیہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا جو دونوں ممالک کے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب ایردوان، وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی قیادت نے دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے چیف آف ترک جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو سے ملاقات کی، جس میں دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ عسکری روابط اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر جنرل سلجوق بایراکتاراوغلو نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ترک مسلح افواج کا امتیازی خدمات کا تمغہ عطا کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک بری افواج کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا، جہاں ترک بری افواج کے کمانڈر جنرل میٹن توکیل نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے انیت کبیر میں جدید ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر بھی حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی، عسکری اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی قریبی روابط برقرار رکھنے پر متفق ہیں۔
