صدر جمہوریہ ترکیہ رجب طیب ایردوان خاتونِ اول امینہ ایردوان اور اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول پہنچ گئے ہیں۔ یہ دورہ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو مزید وسعت دینا ہے۔
سیئول کے فوجی ہوائی اڈے پر جنوبی کوریا کے وزیر تجارت پارک جنگ سنگ، ترکیہ کے سفیر فاتح یلدز اور دیگر حکام نے صدر ایردوان اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
صدر ایردوان کے ہمراہ وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتار، وزیر دفاع یشار گولر، وزیر صنعت و ٹیکنالوجی مہمت فاتح کاجیر اور دفاعی صنعتوں کے سربراہ خالوق گورگن بھی جنوبی کوریا پہنچے ہیں۔ جس سے دورے میں سفارت کاری کے ساتھ دفاع، توانائی اور صنعتی تعاون کی اہمیت بھی نمایاں ہوتی ہے۔
صدر ایردوان منگل کو جنوبی کوریائی ہم منصب لی جے میونگ سے باضابطہ ملاقات کریں گے۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کی تزویراتی شراکت داری کے تمام پہلوؤں، علاقائی و عالمی صورت حال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے قانونی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد معاہدوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔
صدر ایردوان کا یہ دورہ 4 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران دفاعی صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر پیش رفت دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
