
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی لیبیا کی بین الاقوامی حمایت یافتہ گورنمنٹ آف نیشنل ایکورڈ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
لیبیا کے وزیر اعظم فائز السراج کے ساتھ استنبول کے صدارتی محل میں ملاقات کرتے ہوئے ترک صدر نے لیبیا کو مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
ملاقات میں لیبیا کی باغی ملیشیا خلیفہ ہفتار کے جنگجووٗں کی حالیہ کارروائیوں پر بھی بات ہوئی۔
ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ترک صدر طیب ایردوان نے لیبیا کی گورنمنٹ آف نیشنل ایکورڈ کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ ترک صدر ایردوان نے لیبیا کے وزیر اعظم فائز السراج کے اس ماہ کے آخر تک مستعفی ہونے پر پریشانی کا اظہار کیا تھا۔ لیبیا کے وزیر اعظم نے 21 اگست کو ملک بھر میں جنگی بندی کا اعلان کیا تھا اور آئندہ ڈیڑھ سال میں نئے انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
لیبیا اور ترکی نے سمندری حدود کا تنازعہ طے کرنے کا ایک معاہدہ کیا تھا جسے گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ نے تسلیم کرتے ہوئے اسے رجسٹر کر لیا ہے۔