ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے ڈھاکہ میں ترکی کے سفارت خانے کی نئی عمارت کا خیر مقدم کیا ان کا کہنا تھا کہ یہ اس اہمیت کا اظہار ہے جو ترکی بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو دیتا ہے۔
صدر ایردوان نےبنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ترک سفارت خانے کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کی تکمیل میں تعاون پر بنگلہ دیش کے حکام کا شکریہ ادا بھی کیا۔
عمارت کے باقاعدہ افتتاح کے لئے وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو ڈھاکہ کے دورے پر ہیں۔ صدر رجب طیب ایردوان نے بھی ویڈیو پیغام کے ذریعے تقریب میں شرکت کی ان کا کہنا تھا کہ یہ خوبصورت عمارت اس اہمیت کا اظہار ہے کہ جو ہم بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے تعلقات کو دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ روہینگیا مسلمانوں کی صورتحال ایک ایسا موضوع ہے کہ جو بنگلہ دیش کے ساتھ ہمارے تعلقات کے ایک اہم پہلو کو تشکیل دیتا ہے۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کا، قتل عام سے بچ کر میانمار سے نکلنے والے، روہینگیا مسلمانوں کے لئے اپنے دروازے کھولنا ہمارے نزدیک ایک انسانی اور وجدانی روّیہ ہے۔ بنگلہ دیش اورمہاجر کیمپوں میں مقیم روہینگیا مسلمانوں کے مصائب کے خاتمے کے لئے ہماری انسانی امداد کی کاروائیاں جاری ہیں۔ اس معاملے میں ہم بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کرنا اور تمام پلیٹ فورموں سے اس مسئلے کے منصفانہ حل کے لئےکوششیں کرنا جاری رکھیں گے۔