ڈی 8 آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اور ورلڈ ٹورازم فورم انسٹی ٹیوٹ (ڈبلیو ٹی ایف آئی) کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔
برطانوی کمپنی ڈبلیو ٹی ایف آئی کے سربراہ بولوت بیچجی نے میڈیا کو بتایا کہ D 8 ممالک کی مجموعی آبادی ایک ارب 10 کروڑ افراد سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ جی ڈی پی تین ہزار 700 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
پاکستان، ترکی، ایران، بنگلہ دیش، ملائشیا، ایران، انڈونیشیا اور مصر D 8 میں شامل ہیں۔
معاہدہ ترکی کے سیاحتی، ثقافتی اور کاروباری مرکز استنبول میں طے پایا۔
بولوت بیجچی نے کہا کہ ان ممالک کی آبادی کا ایک بڑا نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہ ممالک پہلے ہی مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ اب سیاحت کو بھی باہمی تعاون کے معاہدوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے تحت پہلی ترجیح ان ممالک میں سیاحوں کی تعداد کو بڑھانا ہے تاکہ سیاحتی سرگرمیاں بڑھنے سے ان ممالک کی معاشی ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔
معاہدے کے مطابق ان 8 ممالک میں ٹورسٹ ٹریفک میں اضافے کے لئے اقدامات کرنا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس یورپین یونین کا ماڈل موجود ہے اور آئندہ چھ ماہ میں ممبرز ممالک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اور جامع اقدامات کئے جائیں گے۔
بولوت بیچجی نے کہا کہ ایران، پاکستان، نائیجیریا اور بنگلہ دیش کے سیاحتی مقامات کی عالمی سطح پر بہتر پبلسٹی کی ضرورت ہے۔ ان ممالک میں بہترین سیاحتی مقامات ہیں لیکن یہاں سہولتوں کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کا ماڈل بھی ان ممالک کو سیاحت کے فروغ میں مدد دے گا۔