
پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی نے پاکستان کے نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں تاریخی اور برادرانہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے ترکیہ میں حالیہ بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا درد ہم نے محسوس کیا ہے، ترکیہ بھی اس درد سے دوچار ہے
ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان میڈیا، ڈرامہ، فلمز کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم اور ڈرامہ کسی بھی ملک کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، ترک ڈرامے پاکستان میں بہت مقبول ہیں، ترکیہ کے ساتھ مل کر فلمیں تیار کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے فلم ساز پاکستان میں فلم انڈسٹری کے شعبہ میں ٹیکس مراعات سے مستفید ہو سکتے ہیں
پاکستان کے شمالی علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں، ترکیہ کے فلم ساز ان خوبصورت سیاحتی علاقوں میں اپنی فلم کی شوٹنگ کر سکتے ہیں۔
ترک سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین ذرائع ابلاغ سمیت زندگی کے ہر شعبے میں تعاون موجود ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں ترک فلمیں بھی لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریہ ترکیہ اپنی 100 ویں سالگرہ منا رہا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ مل کر ان تقریبات کو یادگار بنائیں۔ ترک سفیر نے علاقائی تعاون میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی دلچسپی کو بھی سراہا