ترکی کے دارلحکومت انقرہ میں پاکستانی ایمبیسی میں آرمی پیلک سکول کے شہدا کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی سفیر برائے ترکی سائرس قاضی اور کیچورن میونسپلٹی کے ڈپٹی میئر نے شرکت کی۔
پاکستانئ سفیر سائرس قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کے اس المناک واقعہ میں 133 معصوم بچوں اور اسکول کے عملے کا بے دردی سے قتل عام کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی تاریخ کا انتہائی اندوہناک واقعہ تھا جس نے ہر پاکستانی کو صدمے اور غم میں مبتلا کردیا۔
سفیر نے ترکی کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے سب سے پہلے پاکستان کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھایا اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ ” کیچورن میونسپلٹی کی جانب سے سانحہ کے ہر شہید کے نام کا درخت لگا کر غمزدہ خاندانوں اور پاکستانی قوم کے لئےصبر اور حوصلے کا باعث بنا اور ترکی میں ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھے گا۔” تقریب کے شرکا نے شہدا کی یاد گار پر پھول چڑھائے اور فاتح خوانی بھی کی ۔