Turkiya-Logo-top

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات

راولپنڈی: کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز کا مؤثر مقابلہ صرف باہمی تعاون، اعتماد اور شراکت داری کے ذریعے ہی ممکن ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

اس موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی و سیکیورٹی تعاون میں اضافے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور دفاعی روابط کی عکاسی کرتی ہے اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی ہے

Read Previous

دہلی میں کاکروچ جنتا پارٹی کا "چلو سنسد” مارچ، پولیس کا لاٹھی چارج، آنسو گیس کا استعمال

Leave a Reply