چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے بلوچستان کی ممتاز شخصیات، عمائدین اور سیاسی قیادت نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا، بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
انہوں نے کہا کہ واضح قومی بیانیہ، پائیدار امن اور استحکام بلوچستان کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور صوبے کے انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صلاحیت اور مواقع کی کمی کا شکار نہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ غیر ملکی حمایت یافتہ مسلح پراکسیز دشمن عناصر کے آلہ کار ہیں، جنہیں بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے، ترقی کی راہ روکنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بلوچستان کے عمائدین اور سماجی رہنماؤں کے امن کے فروغ، سماجی ہم آہنگی کے استحکام اور مثبت قومی مکالمے کے فروغ میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے منفی پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیوں کا ہر سطح پر مؤثر مقابلہ کیا جائے اور بلوچستان اور اس کے عوام کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور امنگوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کیا جائے۔
مزید اپڈیٹس کیلئے وٹس ایپ چینل فالو کریں: چینل لنک
فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ بلوچستان کا مستقبل اور تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔
ملاقات میں شریک عمائدین اور سیاسی رہنماؤں نے بلوچستان اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ شرکا نے غیر ملکی حمایت یافتہ خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شرکا نے عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز ترقی کے ذریعے ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان کے قیام کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
