آرمینیا جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آذربائیجان کے شہری علاقوں پر مسلسل بمباری کر رہا ہے۔ آذربائیجان نے اعلان کیا ہے کہ آرمینیا کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ماسکو میں گذشتہ جمعہ کو دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ آرمینیا نے سیز فائر معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود آذربائیجان کے شہری علاقوں پر بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔
آذربائیجان کے گنجان آباد شہر گانجا پر بمباری کی جس کے باعث اب تک 10 شہریوں کے شہید ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
آرمینیا کے حملے میں کئی افراد زخمی ہیں جن میں زیادہ تر تعداد بچوں کی ہے۔
آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف نے کہا ہے کہ آرمینیا ان علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرنا چاہتا ہے جو آذربائیجان کی فوج نے خالی کروائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمینیا کا یہ خواب اب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
واضح رہے کہ ماسکو میں روسی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے سیز فائر کا ایک معاہدہ کیا تھا تاکہ دونوں ملک ایک دوسرے کے قیدی اور مارے جانے والے افراد کی لاشوں کا تبادلہ کیا جا سکے۔
آذربائیجان نے معاہدے کا احترام کرتے ہوئے سیز فائر کیا لیکن آرمینیا نے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی پر حملے جاری رکھے۔
آذربائیجان کی فوج نے آرمینیا کو بھرپور جواب دیتے ہوئے اس کو بھاری نقصان پہنچایا۔