
باکو: آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا استقبال کیا۔ ملاقات میں دفاع، تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
صدر الہام علیوف نے پاکستان کے حالیہ دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کے تیار کردہ جے ایف-17 سی طیارے کو آذربائیجان کی فضائیہ کا حصہ بنانے کو دفاعی تعاون کی سمت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آذربائیجان کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہوئے صدر الہام علیوف کو ایک عظیم رہنما قرار دیا اور آذربائیجان کے یومِ فتح پر مبارکباد پیش کی۔ جنرل ساحر نے پاکستان کی جانب سے آذربائیجان کی حمایت اور دونوں ممالک کے مابین باہمی اعتماد اور بھائی چارے کو مزید فروغ دینے کا اعادہ کیا۔