پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے شہر تربت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق تربت آمد پر کور کمانڈر بلوچستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران انہیں بلوچستان کی سکیورٹی صورتِ حال، آپریشنل تیاریوں اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بلوچستان کے عوام کے لیے جاری مختلف سماجی و معاشی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے فوجی اہلکاروں سے ملاقات کے دوران مشکل آپریشنل حالات میں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور ملک کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
اس موقع پر انہوں نے بلوچستان میں امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے لیے صوبے کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
