Turkiya-Logo-top

پاکستان نے گزشتہ سات دہائیوں میں اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں حصہ لیا، وزیر دفاع کا برسلز میں خطاب

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور سلامتی کے قیام اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے زیر اہتمام ’شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران پاکستان کے دو لاکھ 37

ہزار اہلکار اقوام متحدہ کے 48 امن مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ ان مشنز کے دوران 183 پاکستانی اہلکاروں نے اپنی جانیں قربان کیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی امن کے لیے مشترکہ حکمت عملی، باہمی تعاون اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ تنازعات کے شکار علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی سے انسانی سلامتی کے خطرات بڑھ سکتے ہیں، اس لیے ان مشنز کے دائرۂ کار کو حقیقت پسندانہ، مناسب وسائل سے لیس اور دیرپا سیاسی حل کے مطابق ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن مشنز کے فیصلوں میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو بھی مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ امن کا مطلب صرف جنگ کا نہ ہونا نہیں بلکہ پائیدار استحکام کے لیے انسانی سلامتی کو ترجیح دینا بھی ضروری ہے۔ ان کے مطابق موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری دنیا میں تنازعات کو مزید بڑھا رہے ہیں، جبکہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے براہ راست متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دیرینہ تنازعات کا حل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ تنازعات کے علاقوں میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق وعدوں پر عمل درآمد بھی ناگزیر ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان ایک جامع اور مؤثر کثیرالجہتی عالمی نظام کے قیام میں پل کا کردار ادا کرنے اور وقارِ انسانیت، انصاف اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کو تیار ہے۔

Read Previous

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات، دفاعی اور فوجی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

Leave a Reply