آرمینیا کی اپوزیشن جماعتوں نے وزیر اعظم نکول پشینیان کو مستعفی ہونے کے لئے منگل تک مہلت دی ہے۔ اپوزیشن نے دھمکی دی ہے کہ اگر وزیراعظم نے استعفیٰ نہ دیا تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جائے گی۔
دارالحکومت یریون میں ہزاروں مظاہرین فریڈم اسکوائر پر جمع ہوئے اور وزیراعظم کو 8 دسمبر تک مستعفی ہونے کا الٹی میٹم دے دیا۔
آذربائیجان کے ہاتھوں 8 نومبر کو بدترین شکست اور مقبوضہ کاراباخ کی آزادی کے خلاف آرمینیا میں نکلول پیشینیان کی حکومت کے خلاف احتجاج زور پکڑتا جا رہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعظم مستعفی نہ ہوئے تو ملک بھر میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ آرمینیا نے 27 ستمبر کو آذرابئیجان پر حملہ کر دیا تھا جس کے جواب میں آذربائیجان نے مقبوضہ نیگورنو کاراباخ کی آزادی کی جنگ لڑی۔ یہ جنگ 44 روز جاری رہی اور شوشا کی فتح کے ساتھ ہی آرمینیا نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے مقبوضہ کاراباخ خالی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
آرمینیا آذربائیجان کے کاراباخ علاقے پر 30 سال تک قابض رہا۔ آرمینیا کی فوج نے 8 نومبر کو ہتھیار ڈال کر آذربائیجان کی فتح کو تسلیم کیا اور اپنی شکست کے معاہدے پر دستخط کئے۔